ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : بھیک مانگنے آئی ہوئی خاتون سونے کے زیورات اڑا لے گئی 

بھٹکل : بھیک مانگنے آئی ہوئی خاتون سونے کے زیورات اڑا لے گئی 

Sun, 14 Mar 2021 20:26:46    S.O. News Service

بھٹکل،15 / مارچ (ایس او نیوز) بھٹکل تعلقہ کے شیرالی گرام پنچایت علاقے میں پیش آئے ہوئے  واقعہ میں ایک بھکارن نے بڑی چالاکی سے  گھر کی ساس اور بہو کو وسوسے میں مبتلا کیا اور سونے کے زیورات اڑا لے جانے میں کامیاب ہوگئی۔

بتایا جاتا ہے کہ تقریباً آٹھ روز قبل ایک خاتون بھیک مانگنے کے لئے آئی اور گھر میں بہو کو تنہا دیکھ کر اُسے قسمت کا حال بتانے لگی اور کہا کہ اس گھر پر بڑی مصیبت آنے والی ہے۔ اگر خصوصی پوجا نہیں کی گئی تو اس گھر میں دو اموات ہونا یقینی ہے۔ بھکارن کی بات سے خوف زدہ ہوکر اپنے رشتے دار کے گھر گئی ہوئی ساس کو واپس بلا لیا اور بھکارن نے ساس کو بھی اپنی باتوں سے خوف میں مبتلا کر دیا۔ پھر بھکارن نے خصوصی پوجا کے لئے 16 ہزار روپے خرچ بتایا تو ساس نے اپنے کچھ زیور بینک میں رکھ کر دس ہزار روپے قرض لیے اور پھر گھر میں موجود رقم اس میں ملا کر 16 ہزار روپے بھکارن کو پوجا کے لئے دیے۔  اس کے بعد پوجا کرنے کے لئے اس بھکارن نے ساس او ربہو سے گھر میں موجود بقیہ زیورات بھی طلب کیے۔ ساس اور بہو نے اس کی تمام باتوں پر پوری طرح عمل کیا جیسے وہ اس کے سحر میں آ گئے ہوں۔ اس بھکارن نے سونے کے زیورات لے کر فرار ہونے سے پہلے گھر والوں کو دھمکی بھی دی کہ اس تعلق سے کسی کو بھی کچھ نہ بتایا جائے ورنہ گھر میں کسی کی جان چلی جائے گی۔ پھر پانچ دن بعد پلٹ کر واپس آنے کا وعدہ کرتے ہوئے وہ وہاں سے رفو چکر ہوگئی۔

اب پانچ دن تک اس بھکارن کا انتظار کرنے کے بعد اسے واپس نہ آتا دیکھ کر گھر والوں کو اپنے ساتھ ہوئی دھوکہ دہی کا احساس ہوگیا تو انہوں نے بھٹکل دیہی پولیس اسٹیشن میں جا کر اپنی شکایت درج کروائی ہے۔ 


Share: